بعثت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا تعارف:
حضرت محمد ،مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سن (570ء) میں ربیع الاول کے مبارک مہینےمیں 17 تاریخ کو بعثت سے چالیس سال پہلے مکہ میں پیدا ہوئے۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا تعلق قریشِ عرب کے معزز ترین قبیلہ بنو ھاشم سے تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے والد عبداللہ بن عبدالمطلب کا انتقال آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی پیدائش سے چھ ماہ پہلے ہوگیا تھا۔ والدہ کا نام حضرت آمنہ بنت وھب تھا جو قبیلہ بنی زھرہ کے سردار وھب بن عبدمناف بن قصی بن کلاب کی بیٹی تھیں۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے دادا عبدالمطلب قریش کے سردار تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا شجرہ نسب حضرت عدنان سے جا ملتا ہے جو حضرت اسماعیل علیہ السلام ابن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے تھے۔ اور مشہور ترین عربوں میں سے تھے۔ حضرت عدنان کی اولاد کو بنو عدنان کہا جاتا ہے۔